قسمت کی دیوی مہربان، پلمبر کے بینک اکاؤنٹ میں اچانک 294 کروڑ روپے آ گئے

بھارت میں ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک پلمبر کے بینک اکاؤنٹ میں اچانک 294 کروڑ روپے منتقل ہو گئے، جس نے اسے شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا۔
یہ واقعہ بھارتی ریاست بہار کے ضلع گیا میں پیش آیا، جہاں رہائشی پلمبر ویکاش کمار کے اکاؤنٹ میں موجود بیلنس صرف 113 روپے سے اچانک بڑھ کر کروڑوں روپے تک پہنچ گیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق ویکاش کمار نے بتایا کہ وہ ایک عام مزدور ہیں اور ان کے لیے اتنی بڑی رقم کا اکاؤنٹ میں آنا ناقابلِ یقین ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پہلے انہوں نے معمولی رقم نکلوائی تھی، لیکن بعد میں جب اکاؤنٹ چیک کیا تو بیلنس میں غیر معمولی اضافہ ہو چکا تھا۔
واقعے کے بعد انہوں نے فوری طور پر مقامی حکام اور پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس کے مطابق معاملہ انتہائی حساس نوعیت کا ہے اور اس کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
حکام بینک ریکارڈز، ٹرانزیکشن لاگز اور تکنیکی ڈیٹا کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ رقم کسی سسٹم ایرر، تکنیکی خرابی یا ممکنہ فراڈ کا نتیجہ ہے۔
پلمبر ویکاش کمار نے کہا ہے کہ وہ اس صورتحال سے پریشان ہیں کیونکہ ان کے مطابق ان کا اس بڑی رقم سے کوئی تعلق نہیں اور وہ صرف حقیقت جاننا چاہتے ہیں۔















