
بجٹ تجاویز پر پاکستان پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کرنے کے لیے ایوانِ صدر میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں حکومت اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے درمیان بجٹ سمیت مختلف سیاسی اور معاشی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وزارتِ خزانہ کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، نوید قمر اور شیریں رحمان نے شرکت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان بجٹ کی بیشتر تجاویز پر اتفاق رائے ہو گیا ہے، جبکہ بعض امور پر تکنیکی سطح کی کمیٹیاں مزید مشاورت کر رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق دونوں فریقین نے ایک دوسرے کے مؤقف کو مدنظر رکھتے ہوئے لچک پیدا کرنے پر اتفاق کیا ہے، اور پیپلز پارٹی نے بجٹ کی منظوری میں تعاون کا عندیہ بھی دے دیا ہے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں کامیابی پر صدر آصف علی زرداری کو مبارکباد پیش کی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات سے قبل بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان علیحدہ ملاقات بھی ہوئی، جس میں بلاول بھٹو نے آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو کی۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تمام معاملات بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے حل کیے جانے چاہئیں۔















