واٹس ایپ میں محفوظ کلاؤڈ بیک اپ کی سہولت متعارف کرانےکی تیاریاں

دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ ایک نئی کلاؤڈ بیک اپ سروس پر کام کر رہی ہے، جس کے تحت صارفین کے چیٹ بیک اپس مکمل طور پر اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہوں گے۔
فی الحال اینڈرائیڈ صارفین کے بیک اپ گوگل ڈرائیو اور آئی فون صارفین کے لیے آئی کلاؤڈ پر محفوظ کیے جاتے ہیں، تاہم نئی سروس کے ذریعے واٹس ایپ اس انحصار کو کم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق اس فیچر کا مقصد تھرڈ پارٹی پلیٹ فارمز پر انحصار کم کرنا اور صارفین کو اپنے ڈیٹا پر زیادہ کنٹرول دینا ہے۔نئے نظام میں صارفین کو پاس ورڈ کے بجائے “پاسکی” کے ذریعے بیک اپ محفوظ کرنے کا آپشن دیا جائے گا، جو فنگر پرنٹ، فیس آئی ڈی یا اسکرین لاک کے ذریعے کام کرے گا۔
رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ ممکنہ طور پر مفت اسٹوریج اور سستے پریمیم پلانز بھی متعارف کر سکتا ہے، جن میں اضافی کلاؤڈ اسٹوریج شامل ہوگا۔
اگر صارف واٹس ایپ کی اپنی کلاؤڈ سروس استعمال کرے گا تو ڈیٹا مکمل طور پر انکرپٹڈ رہے گا اور اسے پاسکی یا انکرپشن کی کے ذریعے محفوظ کیا جا سکے گا۔یہ فیچر ابھی تیاری اور ٹیسٹنگ کے مراحل میں ہے اور ابتدائی طور پر بیٹا صارفین کے لیے جاری کیا جائے گا، جس کے بعد اسے تمام صارفین تک پہنچایا جائے گا۔















