سرمائی سیاحت : گلگت بلتستان آنیوالے سیاح کونسی حفاظتی تدابیر اختیار کریں؟

0
21

گلگت بلتستان میں سرمائی سیاحت جوبن پر پہنچ گئی۔پاکستان کی جنت نظیر وادیوں میں جانیوالے سیاح کونسی حفاظتی تدابیر اختیار کریں؟
سفر و سیاحت کے حوالے اہم ہدایات جاری۔گلگت بلتستان میں بلند و بالا پہاڑ کے ٹو، نانگا پربت، راکاپوشی کے علاوہ یہاں کی خوبصورت جھیلیں، ہنزہ ویلی اور سکردو جیسے دلکش سیاحتی مقامات ان دنوں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
گلگت بلتستان کی منفرد ثقافت، زبانیں اور روایات بھی سیاحوں کی خاص دلچسپی کا باعث ہیں۔سکردو اور ہنزہ سیاحت کیلئے سیاحوں کے پسندیدہ مقامات ہیں، کیونکہ ان دونوں جگہوں پر بےپناہ قدرتی خوبصورتی موجود ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان دونوں سیاحتی مقامات پر سیاحوں کا رش بھی دیکھنے میں آتا ہے۔
سکردو میں کچورا جھیل، شنگریلا ریزورٹ اور دیوسائی نیشنل پارک جیسے دلکش مقامات زیادہ دلکش اور خوبصورت ہیں۔ اس کے علاوہ کے ٹو، گاشربرم اور دیگر مشہور چوٹیاں سکردو  کوہ پیماؤں کیلئے اہم ترین سیاحتی مقام بناتی ہیں۔
دوسری جانب ہنزہ کی وادیاں اپنی خوبصورتی کیلئے بے مثال ہیں، جہاں کریم آباد، نگر بلتت اور التیت کے قلعے اور دیگر تاریخی مقامات بھی سیاحوں کی کشش کا باعث ہیں، اس کے علاوہ راکا پوشی نگر کی برفانی چوٹیاں اور ہنزہ کے مناظر کا دلکش امتزاج بھی سیاحوں کو اپنی طرف کھینچ لاتا ہے، تاہم موسم سرما میں ان دونوں وادیوں کا رخ کرنیوالے سیاحوں کیلئے ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں ، جن میں کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کا موسم مختلف ہوتا ہے، لہٰذا ان علاقوں کی سیاحت کیلئے نکلنے سے پہلے گرم کپڑے ضرور ساتھ رکھیں۔
اس کے علاوہ سیاحوں کو چاہیے کہ وہ سفر سے پہلے موسمی صورتحال کے بارے میں ضرور جان لیں۔ گلگت بلتستان کے راستے پہاڑی اور زگ زیگ ہیں، قراقرم ہائی وے پر کئی اندھے موڑآتے ہیں، لہٰذا سیاح محتاط انداز میں ڈرائیونگ کریں اور اپنے سفر کے دوران مقامی لوگوں سے مشورہ بھی ضرور لیں۔
سیاحوں کو چاہیے کہ وہ مقامی ثقافت اور روایات کا احترام کریں ۔بلاوجہ آبادیوں میں گھسنے سے اجتناب کریں اور مقامی پھل کھانے سے پہلے اجازت ضرور لیں۔گلگت بلتستان میں پلاسٹک بیگز پر مکمل پابندی ہے، لہٰذا ان کا استعمال نہ کریں اورگاڑی سے باہر کچرا نہ پھینکیں،اگرسیاح ٹریکنگ یا ایڈونچر ٹورازم میں دلچسپی رکھتے ہیں تو تمام حفاظتی اقدامات اور ضروری سامان کے ساتھ یہاں کا رخ کریں اور متعلقہ افراد کی دی ہوئی ہدایات پر عمل کریں، تاکہ گلگت بلتستان آنیوالے سیاحوں کا سفر محفوظ ، خوشگوار اور یادگار ثابت ہو۔

Leave a reply