اسلام آباد کی مقامی عدالت نے عدت میں نکاح سے متعلق کیس میں تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزاؤں کو معطل کرنے کی درخواستیں مسترد کردیں۔ 7-7 سال قید کی سزا برقرار رکھنے کا حکم۔ پی ٹی آئی نے عدالتی فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔
ایڈیشنل سیشن جج محمد افضل مجوکا نے 10 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ دونوں ملزمان کے پاس سزا معطلی کا کوئی جواز موجود نہیں ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عدت کیس میں سزاؤں کو معطل کرنے کی درخواستیں مسترد ہونے اور 7، 7 سال کی سزا برقرار رکھنے کے عدالتی فیصلے کو پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمرایوب نے کہا کہ ہم ہائیکورٹ میں فیصلے کو چیلنج کریں گے، اس کیس میں کوئی پیچیدگی نہیں، بانی پی ٹی آئی اور دیگر کی رہائی سے پہلے حکومت سے کوئی بات نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا قانونی حق رکھتے ہیں، یہ ایک میاں، بیوی کے درمیان کا معاملہ ہے، اس معاملے کو سیاست کی نذر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کی جانب سے عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف عدالت میں جانے کے بعد ڈسٹرکٹ کورٹ نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو رواں سال فروری میں 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ شکایت کنندہ خاور مانیکا نے اس بات پر زور دیا تھا کہ بشریٰ بی بی کی عدت کے دوران شادی کی گئی تھی۔ اس کے بعد عمران خان اور بشریٰ بی بی نے مختلف اپیلیں دائر کی تھیں جن میں ان کی سزا کے خلاف اپیلیں اور ان کی سزاؤں کو معطل کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔
ٹرائل کورٹ کے جج شاہ رخ ارجمند نے 23 مئی کو ان کی سزا کو چیلنج کرنے والی اپیلوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا تاہم خاور مانیکا کے بار بار عدم اعتماد کے اظہار کی روشنی میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے جج ارجمند کی درخواست پر کیس کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا کی عدالت میں منتقل کر دیا تھا۔ ہائیکورٹ کی جانب سے 10 روز کے اندر سزاؤں کی معطلی کے معاملے کا فیصلہ کرنے کی ہدایت کے بعد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے 25 جون کو عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف درخواستوں پر اپنا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
مدارس رجسٹریشن بل:صدرنےاعتراض لگاکرواپس بھیج دیا
دسمبر 5, 2024
Leave a reply جواب منسوخ کریں
اہم خبریں
پاکستان ٹوڈے ڈیجیٹل نیوز پر شائع ہونے والی تمام خبریں، رپورٹس، تصاویر اور وڈیوز ہماری رپورٹنگ ٹیم اور مانیٹرنگ ذرائع سے حاصل کی گئی ہیں۔ ان کو پبلش کرنے سے پہلے اسکے مصدقہ ذرائع کا ہرممکن خیال رکھا گیا ہے، تاہم کسی بھی خبر یا رپورٹ میں ٹائپنگ کی غلطی یا غیرارادی طور پر شائع ہونے والی غلطی کی فوری اصلاح کرکے اسکی تردید یا درستگی فوری طور پر ویب سائٹ پر شائع کردی جاتی ہے۔