اوگرا کا کریک ڈاؤن، ہزاروں لیٹر ملاوٹی ایندھن برآمد،ملاوٹ پر فلنگ اسٹیشن کو 11 ملین جرمانہ

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایندھن میں ملاوٹ اور غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مظفر گڑھ میں واقع رانا فلنگ اسٹیشن پر 11 ملین روپے کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
یہ کارروائی اس وقت عمل میں آئی جب ایک میڈیا رپورٹ میں تقریباً 1 لاکھ 35 ہزار لیٹر پٹرول اور ڈیزل کے بغیر لائسنس ذخیرہ کیے جانے کا انکشاف ہوا۔
لیبارٹری تجزیوں سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ ایندھن میں نقصان دہ کیمیکل ملایا جا رہا تھا، جو مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جا رہا تھا۔
اوگرا نے فلنگ اسٹیشن کا این او سی منسوخ کرتے ہوئے وہاں موجود سامان ضبط کر لیا اور متعلقہ حکام کو ذخیرہ شدہ ایندھن اپنی تحویل میں لینے کی ہدایت جاری کی۔
ریگولیٹر نے متعلقہ آئل کمپنی کے خلاف مزید کارروائی کا عندیہ بھی دیا ہے اور خلاف ورزیوں پر سخت اقدامات کا انتباہ کیا ہے۔














