
حکومت نے شہریوں کے لیے پاسپورٹ کے اجرا کے عمل کو تیز کرنے کا اہم فیصلہ کیا ہے۔
محسن نقوی اور طلال چوہدری کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نارمل پاسپورٹ کے اجرا کا دورانیہ 21 دن سے کم کر کے 14 دن کر دیا گیا ہے۔
اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی پاسپورٹ و امیگریشن اور دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت دی کہ پاسپورٹ دفاتر میں جلد مکمل کیش لیس نظام نافذ کیا جائے، جس کے لیے 15 روز کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس اقدام سے ادائیگیوں کا عمل شفاف ہوگا اور ایجنٹ مافیا کے کردار میں کمی آئے گی۔
مزید برآں پاسپورٹ کی گھروں تک ڈیلیوری کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔
محسن نقوی نے پاسپورٹ نظام میں بہتری اور عوامی سہولت کے لیے پاسپورٹ اتھارٹی کے قیام کو بھی ضروری قرار دیا، جبکہ بزنس پاسپورٹ کے اجرا سے متعلق معاملات کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔















