پی ایس ایل11:پشاورزلمی حیدرآبادکنگزمین کوشکست دیکردوسری مرتبہ چیمپئن بن گئی

پشاور زلمی نے پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کے فائنل میں حیدرآباد کنگز مین کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر دوسری بار ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو بعد میں درست ثابت ہوا۔
حیدرآباد کنگز مین کی بیٹنگ لائن ابتدا سے ہی دباؤ کا شکار رہی اور پوری ٹیم 18 اوورز میں 129 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ صائم ایوب 54 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ کپتان مارنوس لبوشین 20 رنز بنا سکے۔
پشاور زلمی کی جانب سے ایرون ہارڈی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 27 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ناہید رانا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کو ابتدائی مشکلات کا سامنا رہا اور کپتان بابر اعظم صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ تاہم بعد ازاں ایرون ہارڈی اور عبدالصمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ایرون ہارڈی 56 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ عبدالصمد نے 48 رنز کی اہم اننگز کھیلی، جس کی بدولت زلمی نے 130 رنز کا ہدف 16ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
ایرون ہارڈی کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، انہوں نے4 وکٹیں لینے کے ساتھ ساتھ ناقابل شکست نصف سنچری بھی اسکور کی۔
حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے محمد علی نے3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
فائنل سے قبل رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں عاطف اسلم، علی عظمت، عارف لوہار، آئمہ بیگ اور صابری سسٹرز نے پرفارم کیا۔
میچ دیکھنے کے لیے 32 ہزار 461 شائقین اسٹیڈیم میں موجود تھے، جو پی ایس ایل کی تاریخ میں کسی بھی میچ کے لیے سب سے بڑی حاضری ہے۔















