فیفاکابڑافیصلہ،فٹبال ورلڈکپ 2026کیلئےانعام کی رقم دگنی کردی

0
4

فیفا ورلڈ کپ 2026 کھیلوں کی دنیا کا سب سے بڑا ایونٹ مانا جاتا ہے، جس میں دنیا بھر کی ٹیمیں شرکت کے لیے کوشاں رہتی ہیں۔
11 جون 2026 سے امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں ہونے والے اس میگا ایونٹ میں پہلی بار 48 ٹیمیں حصہ لیں گی، جبکہ ارجنٹینا اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ اس سے قبل 2022 کے ورلڈ کپ میں 32 ٹیمیں شامل تھیں۔اس ایونٹ میں اردن، ازبکستان، کیپ وردے اور کیوراساؤ جیسی ٹیمیں پہلی بار شرکت کریں گی۔
انعامی رقم کے لحاظ سے بھی یہ ورلڈ کپ منفرد ہوگا۔ فیفا نے ایونٹ کے لیے مجموعی طور پر 871 ملین ڈالر (87 کروڑ 10 لاکھ ڈالر) مختص کیے ہیں، جو گزشتہ ایڈیشن کے مقابلے میں تقریباً دوگنا ہے۔ہر ٹیم کو تیاری کے لیے 25 لاکھ ڈالر جبکہ کوالیفائی کرنے پر 1 کروڑ ڈالر دیے جائیں گے، یعنی صرف شرکت یقینی بنانے پر ہی ایک ٹیم کو 1 کروڑ 25 لاکھ ڈالر ملیں گے۔
کارکردگی کے مطابق انعامی رقم میں مزید اضافہ ہوگا، جس کے تحت فاتح ٹیم کو 5 کروڑ 35 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے، جبکہ رنر اپ ٹیم 3 کروڑ 65 لاکھ ڈالر حاصل کرے گی۔اسی طرح تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 3 کروڑ 25 لاکھ اور چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیم کو 3 کروڑ 5 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔
کوارٹر فائنل (5 تا 8) تک پہنچنے والی ٹیموں کو 2 کروڑ 25 لاکھ، جبکہ 9 سے 16ویں نمبر تک رہنے والی ٹیموں کو 1 کروڑ 85 لاکھ ڈالر ملیں گے۔17 سے 32ویں پوزیشن پر آنے والی ٹیموں کو 1 کروڑ 45 لاکھ، جبکہ 33 سے 48ویں نمبر تک رہنے والی ٹیموں کو 1 کروڑ 25 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔ایونٹ میں مجموعی طور پر 104 میچز کھیلے جائیں گے، جو 2022 کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے، جہاں 64 میچز کھیلے گئے تھے۔

Leave a reply