
پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا، جس کے تحت مشکل میں پھنسے غیر ملکی جہاز ایم وی گوتم کو امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جہاز میں فنی خرابی پیدا ہونے کے بعد بحیرہ عرب میں اس کی نقل و حرکت متاثر ہو گئی تھی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پاکستانی حکام نے امدادی اقدامات کا آغاز کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاز پر موجود 6 بھارتی اور ایک انڈونیشی عملے کے رکن کو ہنگامی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ خوراک اور دیگر ضروری سہولیات بھی مہیا کی جا رہی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق عمان سے بھارت جانے والے اس جہاز میں خرابی کے بعد ممبئی ریسکیو سینٹر نے پاکستانی حکام سے رابطہ کیا، جس کے بعد فوری امدادی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
پاک بحریہ نے صورتحال کے پیش نظر پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کا جہاز کشمیر ریسکیو آپریشن کے لیے روانہ کیا، جو متاثرہ جہاز کو تکنیکی معاونت بھی فراہم کر رہا ہے۔
حکام کے مطابق جہاز پر موجود عملے کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ پاک بحریہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار اور پرعزم ہے۔















