عظیم عوامی ہال میں وزیراعظم شہباز شریف کی آمد چینی وزیراعظم کیجانب سے پرتپاک استقبال

0
6

 وزیراعظم شہباز شریف کے اعزاز میں چین کے عظیم عوامی ہال میں ایک باضابطہ استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں چینی وزیراعظم لی چیانگ نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔

تقریب کے دوران چینی مسلح افواج کے دستے نے وزیراعظم پاکستان کو روایتی انداز میں گارڈ آف آنر پیش کیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے مصافحہ بھی کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور چینی وزیراعظم نے اپنے اپنے وفود کے ارکان کا تعارف کرایا۔ پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورۂ بیجنگ کے دوران چینی صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی چیانگ اور دیگر اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات، معاشی تعاون اور سی پیک کے آئندہ مرحلے پر گفتگو متوقع ہے۔

اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب بھی شیڈول ہے۔

دورے کے دوران وزیراعظم تاریخی تیانمن اسکوائر کا دورہ کریں گے اور پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے سلسلے میں منعقدہ خصوصی تقریب میں بھی شرکت کریں گے، جہاں دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو اجاگر کیا جائے گا۔

Leave a reply