ایران کسی بھی دباؤ یا دھمکی کے آگے نہیں جھکے گا، مسعود پزشکیان

0
109

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ملک کسی دباؤ یا دھمکی کے آگے جھکنے والا نہیں اور دشمنوں کو یہ غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ ایران ہتھیار ڈال دے گا۔

تہران میں خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ حالیہ کارروائیوں کے ذریعے مخالفین کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ ایران اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم پُراعتماد اور ثابت قدم ہے اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایران اپنی سرزمین کے خلاف کسی بھی قسم کی دشمنانہ کارروائی برداشت نہیں کرے گا۔ انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو قوم کے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ جنگ کسی کے مفاد میں نہیں، تاہم اگر ایران پر جنگ مسلط کی گئی تو قوم پیچھے نہیں ہٹے گی۔

ایرانی صدر نے کہا کہ بعض عناصر خطے کے ممالک کے درمیان اختلافات پیدا کرنا چاہتے ہیں، تاہم ایسی کوششیں ناکام ثابت ہوئی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام داخلی چیلنجز اور مشکلات کے باوجود ملک کو ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن رکھا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ رہبرِ انقلاب کی ہدایت کے مطابق تنازع کے حل کے لیے سفارتی اور مذاکراتی راستے بھی اختیار کیے جا رہے ہیں، جبکہ قومی اتحاد اور یکجہتی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔

Leave a reply