سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 7فیصد اضافے کی منظوری

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری دیتے ہوئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 7 فیصد اضافے کی منظوری دے دی، جبکہ تنخواہ دار طبقے کو انکم ٹیکس میں ریلیف دینے کی تجویز بھی منظور کر لی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بجٹ 2026-27 کے اہم نکات پر بریفنگ دی۔ بریفنگ کے بعد کابینہ نے وفاقی بجٹ کے مسودے کی منظوری دے دی۔
اجلاس کے دوران سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 7 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی، جبکہ تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کے بوجھ میں کمی کے لیے ریلیف اقدامات کی بھی توثیق کی گئی۔
ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ آج پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا، جس کا مجموعی حجم 17 ہزار 500 ارب سے 18 ہزار ارب روپے کے درمیان متوقع ہے۔















