
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے اثرات پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹوں پر بھی مرتب ہوئے، جہاں سونے اور چاندی دونوں کی قیمتوں میں ایک ہی روز میں بڑی گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت 5 ہزار 200 روپے کم ہونے کے بعد 4 لاکھ 19 ہزار 636 روپے رہ گئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 4 ہزار 458 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 3 لاکھ 59 ہزار 770 روپے مقرر ہوگئی۔
ماہرین کے مطابق مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں یہ کمی عالمی مارکیٹ میں آنے والی گراوٹ کے باعث ہوئی، جہاں فی اونس سونا 52 ڈالر سستا ہو کر 3 ہزار 972 ڈالر پر آ گیا۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت بھی کم ہوئی ہے۔ صرافہ مارکیٹ کے اعداد و شمار کے مطابق فی تولہ چاندی 107 روپے سستی ہونے کے بعد 6 ہزار 242 روپے فی تولہ کی سطح پر آگئی ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ سونا روایتی طور پر ایک محفوظ سرمایہ کاری تصور کیا جاتا ہے، جس کی طلب عموماً افراطِ زر، سیاسی غیر یقینی اور معاشی بحران کے دوران بڑھ جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر کے سرمایہ کار غیر یقینی حالات میں سونے کو محفوظ اثاثہ سمجھتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت مقرر کرنے کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی تھی، جس کے تحت مقامی قیمت کا تعین بین الاقوامی نرخ سے 20 ڈالر فی اونس اضافے کے ساتھ کیا جاتا ہے۔















