حج 2027 کیلئے وزارت مذہبی امور نے نجی حج آپریٹرز کو تین روز کی مہلت دےدی

0
10

حج 2027 کے لیے وزارت مذہبی امور نے نجی حج آپریٹرز کو تین روز کی مہلت دیتے ہوئے کوٹہ ضبط کرنے کی تنبیہہ کر دی۔
حج 2027 کے لیے سرکاری حج کوٹے کی بکنگ مکمل ہو چکی ہے اور اب صرف نجی آپریٹر کا حج کوٹہ باقی بچا ہے۔اس حوالے سے وزارت مذہبی امور نے پرائیوٹ حج اسکیم 2027 کے لیے نجی حج آپریٹرز کو تین دن میں اپنے نجی آپریٹرز پیکیج فعال کرنے کی ہدایت کی ہے، بصورت دیگر حج کوٹہ ضبط ہو جائے گا۔
ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق حج منظم کمپنیوں کو یہ آخری مہلت دی گئی ہے اور 31 اگست کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔ مقررہ مدت تک اگر انہوں نے اپنا پیکیج فعال نہیں کیا تو وہ کوٹہ ضبط ہو سکتا ہے۔اس سلسلے میں وزارت مذہبی امور کی جانب سے حج منظم کمپنیوں کے نام خط لکھا گیا ہے، جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام مختص کوٹے کے مطابق پیکیج کٹیگریز فعال کی جائیں۔
خط میں متنبہ کیا گیا ہے کہ ہدایت پر عمل نہ کرنے والی کمپنیوں کا حج کوٹہ ضبط کیا جا سکتا ہے اور یہ غیر فعال کوٹہ دیگر حج کمپنیوں یا سرکاری اسکیم کو دیا جا سکتا ہے۔
وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ تمام پیکیجز حج منیجمنٹ سسٹم پر فعال کرنا ہوں گے، اور عازمین پہلی بار وزارت کی ویب سائٹ سے نجی پیکیج کا انتخاب کر سکیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی حج آپریٹرز کے لیے 71 ہزار سے زائد کوٹہ رکھا گیا ہے، تاہم پانچ روز کے دوران نجی کوٹے پر صرف 54 بکنگز ہو سکی ہیں اور اس کا تناسب صرف 0.1 فیصد ہے۔نجی حج کوٹہ 99.9 فیصد باقی ہے جب کہ وقت انتہائی محدود رہ گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تین دن میں پیکیج فعال نہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ نجی حج اسکیم کے واجبات کی وصولی کا آغاز 23 اگست کو ہوا تھا، اور نجی اسکیم کے 40 فیصد کوٹے کی نشستوں پر حج اخراجات وصول کیے جا رہے ہیں۔

Leave a reply