
سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی۔ اس اعلیٰ سطحی ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے اور دنیا بھر کی سیکورٹی کی ابھرتی ہوئی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے راستوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف نے سنگاپور کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے علاقائی امن و استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے تعلیمی و ادارہ جاتی روابط (Institutional Linkages) کو بڑھانے اور مثبت روابط کی اہمیت پر زور دیا۔
معزز مہمان نے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی تائید کی، پاکستان مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور علاقائی امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی قربانیوں اور گراں قدر خدمات کا اعتراف کیا۔















