امام الحق کی انجری کا تنازع،دو سال تک پابندی لگنے کا امکان

0
8

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر بیٹر امام الحق کی انجری سے متعلق معاملے نے نیا رخ اختیار کرلیا ہے۔
مقامی کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس معاملے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کے لیے ایک تحقیقاتی کمیٹی قائم کیے جانے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ تحقیقات کے نتیجے میں امام الحق کے خلاف سخت کارروائی بھی ہوسکتی ہے، تاہم کسی بھی ممکنہ فیصلے کا انحصار تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے والے شواہد پر ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کو وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے نظم و ضبط سے متعلق بھی تحفظات ہیں اور مستقبل میں ان کے حوالے سے بھی سخت فیصلہ کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے، جبکہ بعض اطلاعات میں یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ انہیں مستقبل کی کسی پاکستانی ٹیم میں شامل نہ کیے جانے پر غور کیا جاسکتا ہے۔
امام الحق اور محمد رضوان ان کھلاڑیوں میں شامل تھے جنہیں انگلینڈ کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ سے قبل ٹیسٹ اسکواڈ میں ہونے والی تبدیلیوں کے دوران ریلیز کیا گیا تھا۔
لارڈز ٹیسٹ کے پہلے روز فیلڈنگ کے دوران امام الحق کو پنڈلی میں تکلیف کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث وہ اگلے روز پاکستان کی پہلی اننگز میں بیٹنگ کے لیے دستیاب نہیں ہوسکے۔ پاکستان کی ٹیم انگلینڈ کے 290 رنز کے جواب میں صرف 110 رنز پر آؤٹ ہوگئی، جبکہ امام الحق دوسری اننگز میں بھی بیٹنگ کے لیے میدان میں نہ اتر سکے۔
پاکستان کو 389 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 194 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں انگلینڈ نے لارڈز ٹیسٹ جیتنے کے ساتھ سیریز بھی اپنے نام کرلی۔
رپورٹ کے مطابق امام الحق کی انجری سے متعلق سامنے آنے والی پیش رفت کے بعد پی سی بی نے معاملے کی تفصیلی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے، تاہم ان کے خلاف کسی بھی حتمی کارروائی، پابندی یا دیگر فیصلے کا تعین تحقیقات مکمل ہونے اور حقائق سامنے آنے کے بعد ہی کیا جائے گا۔

Leave a reply