تیسراٹیسٹ،انگلینڈ نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

انگلینڈ نے پاکستان کو تین میچز پر مشتمل سیریز میں وائٹ واش کر دیا۔ پاکستان کی جانب سے دیا گیا 130 رنز کا ہدف انگلش ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے میچ اپنے نام کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ نے 62 جبکہ جورڈن نے 59 رنز کی اننگز کھیلی۔ انگلینڈ کے اوپنرز بین ڈکٹ اور ایمیلیو بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے، دونوں کھلاڑیوں کو محمد عباس نے آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان کی دوسری اننگز 449 رنز پر اختتام پذیر ہوئی، جس کے بعد انگلینڈ کو کامیابی کے لیے 130 رنز کا ہدف ملا۔ پاکستان کی جانب سے رضا اللہ مشوانی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے آٹھویں نمبر پر آ کر 63 گیندوں پر 81 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 9 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔ ان کی اننگز نے پاکستان کو اننگز کی شکست سے بچایا اور میچ میں واپسی کی امید پیدا کی۔
شان مسعود 95 رنز کے ساتھ پاکستان کے نمایاں بلے باز رہے، جبکہ بابر اعظم نے 76 رنز بنائے۔ اذان اویس نے 59 اور محمد عباس نے 42 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کے مجموعے کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ صائم ایوب اور عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، جبکہ غازی غوری نے 16 اور محمد عمران نے 4 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے ایٹکنسن نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اولی رابنسن، جوش اور لارنس نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جوفرا آرچر کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
یاد رہے کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں مایوس کن بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 133 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں انگلینڈ نے 453 رنز بنا کر پاکستان پر 320 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔















