پانی اور سیوریج بلوں میں اضافہ، گھریلو صارفین پر کتنا بوجھ پڑے گا؟

0
6

کراچی میں پانی اور سیوریج کے بلوں میں اضافے سے گھریلو اور کمرشل صارفین کے بلوں میں کتنا اضافہ ہو گا۔کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے گزشتہ روز رواں مالی سال کے لیے پانی اور سیوریج بلوں کے ٹیرف میں 7.05 فیصد اضافہ کیا ہے۔ اس ایڈجسٹمنٹ کے بعد گھریلو اور کمرشل صارفین کی جیبوں پر کتنا بوجھ پڑے گا، اس حوالے سے واٹر کارپوریشن نے وضاحت جاری کر دی ہے۔
کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن (کے ڈبلیو ایس سی) کے مطابق مالی سال 26-2025 میں گھریلو اور کمرشل صارفین کا اوسط ماہانہ بل تقریباً 900 روپے تھا، جو رواں مالی سال 27-2026 میں بڑھ کر تقریباً 1000 روپے ماہانہ ہو گیا ہے۔ اس طرح صارف کے اوسط ماہانہ بل میں صرف 100 روپے تک کا اضافہ ہوا ہے۔
چیف کمرشل آفیسر واٹر کارپوریشن حارث سرفراز نے بتایا کہ اس ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کراچی کے 12 لاکھ 89 ہزار گھریلو و کمرشل صارفین جبکہ تقریباً 8 ہزار بلک اور صنعتی صارفین پر ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ حجمی بنیاد پر بل وصول کیے جانے والے بلک اور صنعتی صارفین کے لیے ٹیرف 0.526 پیسہ فی گیلن سے بڑھا کر 0.563 پیسہ فی گیلن کیا گیا ہے، جو 7.05 فیصد CPI پر مبنی سالانہ ایڈجسٹمنٹ کے مطابق ہے۔
چیف کمرشل آفیسر نے کہا کہ دیگر یوٹیلیٹی سروس فراہم کرنے والے اداروں کی طرح واٹر کارپوریشن کو بھی آپریشنل اخراجات میں مسلسل اضافے کا سامنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بجلی، ایندھن، مرمت و دیکھ بھال اور پرانے انفراسٹرکچر کی بحالی سمیت مختلف اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ موجودہ ٹیرف ایڈجسٹمنٹ ادارے کے آپریشنل اخراجات کی وصولی، مالی استحکام اور طویل مدتی پائیداری کے لیے ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیرف ایڈجسٹمنٹ سے حاصل ہونے والی اضافی آمدنی کراچی کے پانی اور سیوریج کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر خرچ کی جائے گی، جس میں پانی کی ترسیل و تقسیم کے نیٹ ورک کی بحالی، اہم تنصیبات کی مرمت و دیکھ بھال، سیوریج نظام کی اپ گریڈیشن اور سروس ڈلیوری میں بہتری شامل ہے۔

Leave a reply