
خیبر پختونخوا اسمبلی کی جانب سے منظور کردہ قوانین کے تحت اب ارکانِ اسمبلی، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور اپوزیشن لیڈر کو غیر معمولی سرکاری مراعات حاصل ہو گئی ہیں۔
ان نئے قوانین کے تحت ممبران اور ان کے شریکِ حیات کو تاحیات بلیو پاسپورٹ، سالانہ مفت فضائی و زمینی سفر کے لیے واؤچرز، ٹیلی فون الاؤنس، اور خاندان (بشمول بچوں اور والدین) کے لیے ہسپتال میں داخلے کی صورت میں مفت طبی سہولیات کے ساتھ ماہانہ میڈیکل الاؤنس دیا جائے گا۔
اسی طرح قائدِ حزبِ اختلاف (اپوزیشن لیڈر) کا درجہ اور مراعات صوبائی وزیر کے برابر لازمی قرار دی گئی ہیں، جبکہ اسپیکر کو دو فلیگ گاڑیوں کے ساتھ ایک بلٹ پروف گاڑی، سرکاری ہیلی کاپٹر یا چارٹرڈ طیارہ استعمال کرنے کا اختیار، اور ڈپٹی اسپیکر کو دو سرکاری گاڑیاں ملیں گی۔
مزید برآں، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر مع شریکِ حیات ہوائی سفر کے لیے بزنس یا فرسٹ کلاس اور ان کے دو ذاتی ملازمین اکانومی کلاس کے حقدار ہوں گے۔















