
قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ 6 سے 10 جولائی کے دوران مون سون کے دوسرے سلسلے اور مغربی ہواؤں کے باعث ملک کے شمالی اور شمال مشرقی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔ ان موسمی حالات کے نتیجے میں پہاڑی ندی نالوں، برساتی گزرگاہوں اور مختلف دریاؤں میں پانی کی سطح اچانک بلند ہو سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، شمال مشرقی پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں واقع دریاؤں اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی اور مقامی سیلاب کا خدشہ موجود ہے۔
ادارے نے مزید بتایا کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران دریائے سوات، دریائے پنجکوڑہ اور ان سے ملحقہ معاون دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر، دریائے سندھ میں تربیلا ڈیم کے بالائی علاقوں اور دریائے چناب کے مرالہ، خانکی اور قادرآباد کے مقامات پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ مکمل طور پر الرٹ رہیں، ہنگامی اقدامات کو یقینی بنائیں اور حساس مقامات کی مسلسل نگرانی جاری رکھیں۔
شہریوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، برساتی ندی نالوں اور گزرگاہوں کو عبور کرنے سے احتیاط برتیں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔ مزید برآں، تازہ ترین موسمی اطلاعات اور حفاظتی رہنمائی حاصل کرنے کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ استعمال کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔















