پی ٹی آئی کا مطالبات تسلیم ہونے تک لانگ مارچ سے دستبردار نہ ہونے کا اعلان

0
5

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اعلیٰ سطح اجلاس میں اسلام آباد کی طرف 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاجی پروگرام سے پیچھے نہیں ہٹا جائے گا۔

 اجلاس چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کی زیرصدارت ہوا، جس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، مرکزی سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا، صوبائی صدر جنید اکبر خان اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

 اجلاس میں بیرسٹر گوہر اور اسد قیصر کو اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں اور مذاکرات کا اختیار دیا گیا، جبکہ کارکنوں کو ہدایت کی گئی کہ لانگ مارچ کے دوران اسلحہ، ڈنڈے، غلیل یا پتھر ساتھ نہ لائیں اور احتجاج کو پرامن رکھا جائے۔ پارٹی اراکین اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کو اپنے حلقوں میں کارکنوں سے رابطے اور تیاریوں کی ہدایت بھی کی گئی۔

 اجلاس میں حکومت کی جانب سے کارکنوں اور بعض سیاسی رہنماؤں کی گرفتاریوں اور راستوں کی بندش پر تشویش کا اظہار کیا گیا، جبکہ اکتوبر کے پہلے ہفتے تک لانگ مارچ مؤخر کرنے کی تجویز پر اتفاق نہ ہوسکا اور حتمی فیصلہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کرنے کا کہا گیا۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومت کو مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے تلاش کرنا چاہیے اور پی ٹی آئی سیاسی مذاکرات سے انکار نہیں کرتی، تاہم ان کے مطابق احتجاج کو روکنے کے لیے طاقت کے استعمال سے مسائل مزید بڑھ سکتے ہیں۔

Leave a reply