
اسلام آباد میں ’معرکۂ حق‘ کو ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر خصوصی تقریبات کا آغاز کر دیا گیا، جبکہ وفاقی دارالحکومت کی فضائیں پاک فضائیہ کے شاہینوں کی گھن گرج سے گونج اٹھیں۔
تقریبات کے سلسلے میں پاک فضائیہ کے جدید لڑاکا طیاروں نے اسلام آباد کی فضاؤں میں شاندار فلائی پاسٹ کی ریہرسل کی، جس کے دوران طیاروں نے فارمیشن کی صورت میں نچلی پروازیں کرتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کا مظاہرہ کیا۔
حکام کے مطابق یہ فضائی سرگرمیاں ’معرکۂ حق‘ کی سالانہ تقریب کیلئے منعقد کی جانے والی فلائی پاسٹ ریہرسل کا حصہ ہیں۔
انتظامیہ اور پاک فضائیہ کی جانب سے شہریوں کو آگاہ کیا گیا ہے کہ یہ تمام سرگرمیاں طے شدہ تربیتی مشقوں کا حصہ ہیں، لہٰذا عوام کو طیاروں کی آوازوں یا نچلی پروازوں سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔
واضح رہے کہ ’معرکۂ حق‘ سے مراد گزشتہ برس مئی 2025 میں سرحدی کشیدگی کے دوران پاکستان کے دفاعی ردعمل کو لیا جاتا ہے، جس میں پاک فضائیہ نے دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا تھا۔















