ایران جنگ بندی سےمتعلق نیاترمیمی منصوبہ پیش کرسکتاہے،سی این این

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق ایران آئندہ چند روز میں جنگ بندی سے متعلق ایک نیا ترمیمی منصوبہ پیش کر سکتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے دورۂ روس کے بعد تہران میں اعلیٰ قیادت سے مشاورت متوقع ہے، تاہم بعض قیادت کے خفیہ مقامات پر ہونے کے باعث رابطوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، جس سے فیصلوں کا عمل سست ہوا ہے۔
سی این این کے مطابق امریکا نے ایران کی جوہری پروگرام سے متعلق ابتدائی تجویز کو مسترد کیا تھا اور اس کے بجائے صرف جنگ بندی پر توجہ دینے کا مؤقف اپنایا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پسِ پردہ سفارتی کوششیں جاری ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کا سلسلہ مکمل طور پر منقطع نہیں ہوا۔
ذرائع کے مطابق موجودہ مذاکرات مرحلہ وار طریقہ کار پر مبنی ہیں۔ممکنہ معاہدے کے ابتدائی حصے میں جنگ سے پہلے کی صورتحال کی بحالی اور آبنائے ہرمز کو تجارتی سرگرمیوں کے لیے کھولنے جیسے اقدامات شامل ہو سکتے ہیں۔
جوہری پروگرام کا مسئلہ، جسے امریکا اور بعض دیگر فریق تنازع کی بنیادی وجہ قرار دیتے ہیں، ممکنہ طور پر مذاکرات کے بعد کے مرحلے میں زیرِ غور آئے گا۔















