
آزاد کشمیر میں درجہ حرارت میں اضافے کے باعث برف تیزی سے پگھل رہی ہے، جس کے نتیجے میں دریاؤں اور ندی نالوں میں اچانک طغیانی کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث برف کے تیزی سے پگھلنے سے آبی گزرگاہوں میں پانی کی سطح میں غیر معمولی اضافہ ہو سکتا ہے۔
حکام نے بتایا کہ کنٹرول لائن پر چکوٹھی کے مقام پر دوپہر 12 سے 1 بجے کے درمیان دریا کے بہاؤ میں اچانک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اتھارٹی کے مطابق دریا کے بہاؤ میں اس اضافے کی ایک ممکنہ وجہ بھارت کے علاقے اوڑی میں اسپل ویز کا کھولا جانا بھی ہو سکتی ہے۔
حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں، جبکہ مچھلی پکڑنے والے افراد کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔















