پاکستان ویمنز ٹیم کی شاندار فتح، زمبابوے کو 168 رنز سے شکست

0
4

کراچی میں کھیلے گئے آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ کے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم نے زمبابوے ویمنز ٹیم کو 168 رنز سے شکست دے دی۔
331 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم 36.4 اوورز میں 162 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ مہمان ٹیم کی جانب سے بیلوڈ بیزا 53 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، جبکہ کیلس ایندھلوو نے 31 اور کپتان نومویلو سیباندا نے 17 رنز اسکور کیے۔
اس سے قبل میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 330 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور کیا۔ اوپنرز نے 162 رنز کی شاندار شراکت قائم کی، جس میں گل فیروزہ نے 50 رنز بنائے۔دوسری جانب صدف شمس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 130 گیندوں پر 98 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم وہ سنچری مکمل نہ کر سکیں۔
مڈل آرڈر میں سدرا امین نے 67 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جبکہ آخر میں ناجیة علوی نے تیز رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے 30 گیندوں پر 56 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور مزید مضبوط کیا اور ناٹ آؤٹ رہیں۔
دیگر کھلاڑیوں میں عائشہ ظفر نے 3 اور عالیہ ریاض نے 2 رنز بنائے، جبکہ کپتان فاطمہ ثنا 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔ ٹیم کے مجموعے میں 43 اضافی رنز بھی شامل تھے۔
زمبابوے کی جانب سے پریشس مارانگے نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کڈزئی چیگورا اور نومویلو سیباندا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

Leave a reply