عازمین حج کی رہنمائی کیلئے جدید کلاؤڈ کمیونیکیشن سسٹم متعارف

مکہ مکرمہ میں شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے عازمین حج اور عمرہ زائرین کی رہنمائی کیلئے جدید کلاؤڈ کمیونیکیشن سسٹم کا افتتاح کر دیا۔
سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ نظام ادارہ امور حرمین کی جانب سے ڈیجیٹل تبدیلی اور دینی خدمات کو مزید مؤثر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
ڈاکٹر السدیس کے مطابق یہ ایک جدید تکنیکی نظام ہے، جس کے ذریعے موصول ہونے والی کالز خودکار انداز میں متعلقہ علما یا شیوخ تک منتقل ہو جاتی ہیں، جس سے وقت کی بچت اور مسجد الحرام میں رش کم کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے بتایا کہ یہ سسٹم کالز کو فوری اور درست انداز میں متعلقہ شعبے یا فرد تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ ضرورت پڑنے پر سوالات کے جوابات دینے والے خصوصی سیکشن تک بھی کال منتقل کی جا سکتی ہے۔
شیخ السدیس کا کہنا تھا کہ یہ سہولت خصوصی طور پر عمرہ زائرین اور عازمین حج کیلئے متعارف کرائی گئی ہے تاکہ انہیں ہر ممکن آسانی اور بروقت رہنمائی فراہم کی جا سکے۔















