گورنرخیبرپختونخوافیصل کریم کنڈی صوبائی حکومت پربرس پڑے

0
10

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ صوبہ سنگین مسائل سے دوچار ہے، جبکہ حکومتی اراکین اپنے لیے مراعات اور عیاشیوں کے بل منظور کرانے میں مصروف ہیں۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی خود کو انصاف کی جماعت قرار دیتی تھی، لیکن آج اس کے ذمہ داران کو عوام کو بتانا چاہیے کہ اراکین کے لیے مراعات سے متعلق بل کس بنیاد پر منظور کیا گیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ صحت، تعلیم اور دیگر اہم شعبے تباہ حالی کا شکار ہیں اور ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے پی ٹی آئی کو خیبرپختونخوا کو تباہ کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہو۔
گورنر نے کہا کہ اگر وہ اس بل پر اعتراض بھی کریں تو آئینی مدت پوری ہونے کے بعد بل خود بخود نافذ ہو جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومتی اراکین نے اپنے لیے تمام سہولیات تو حاصل کر لیں، لیکن عوام کی فلاح کے لیے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے، جبکہ حکومت شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں بھی ناکام دکھائی دیتی ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے میڈیا پر پابندیوں کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کو بھی اس معاملے پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ دہشت گردی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، اس لیے موجودہ حالات میں حکومت کو مراعات بڑھانے کے بجائے عوامی مسائل کے حل اور امن و امان کی بہتری پر توجہ دینی چاہیے۔

Leave a reply