چین کا امریکی اے آئی ٹول’’کلاڈ کوڈ‘‘ پر سکیورٹی الرٹ جاری

0
9

چین کا امریکی اے آئی ٹول’’کلاڈ کوڈ‘‘ پر سکیورٹی الرٹ، صارفین کو فوری احتیاط کی ہدایت جاری کردی۔
چین کے صنعتی ریگولیٹر نے امریکی مصنوعی ذہانت کمپنی اینتھروپک کے اے آئی کوڈنگ ٹول کلاڈ کوڈکے استعمال سے متعلق سکیورٹی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے صارفین اور اداروں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
چین کے نیشنل ولنرایبلٹی ڈیٹا بیس کے مطابق کلاڈ کوڈ میں مبینہ طور پر ایک “سکیورٹی بیک ڈور”موجود ہے، جو صارفین کی حساس معلومات، بشمول لوکیشن اور شناختی ڈیٹا، ان کی اجازت کے بغیر کمپنی کے سرورز تک منتقل کر سکتا ہے۔ ادارے نے اس ممکنہ خامی کو سنگین سکیورٹی خطرہ قرار دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کلاڈ کوڈایک اے آئی کوڈنگ ٹول ہے جو صارف کی ہدایات کے مطابق کمپیوٹر کوڈ تیار کرنے، سافٹ ویئر کی خامیاں دور کرنے اور کوڈ کا جائزہ لینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اینتھروپک نے اپنی مصنوعات تک چین اور بعض دیگر ممالک کی براہِ راست رسائی محدود کر رکھی ہے، تاہم وی پی این اور تھرڈ پارٹی پراکسی سروسز کے ذریعے اس ٹول کا استعمال اب بھی ممکن ہے۔
چینی ریگولیٹر نے اداروں اور صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے سسٹمز کا جائزہ لیں اور اگر ضروری ہو تو سافٹ ویئر کو اَن انسٹال کریں یا اس کا محفوظ ترین اپڈیٹ شدہ ورژن استعمال کریں، جس میں مبینہ خامی کو دور کر دیا گیا ہو۔
دوسری جانب چینی ٹیکنالوجی کمپنی علی بابانے بھی سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر اپنے ملازمین پر 10 جولائی سے کلاڈ کوڈکے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اینتھروپک نے ان الزامات پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل جاری نہیں کیا۔

Leave a reply