سندھ حکومت کا میٹرک اور انٹر کے طلبا کیلئےای مارکنگ’ اور ڈیجیٹل نظام نافذکرنےکافیصلہ

0
8

سندھ حکومت نے تمام تعلیمی بورڈز میں ‘ای مارکنگ’ اور ڈیجیٹل نظام نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیا ، جس میں روایتی امتحانی طریقہ کار ختم کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔
سندھ حکومت نے صوبے بھر کے تمام تعلیمی بورڈز میں روایتی اور پرانے امتحانی نظام کو ختم کر کے جدید ٹیکنالوجی اور عالمی معیار کا امتحانی نظام نافذ کرنے کا بڑا فیصلہ کر لیا۔اس سلسلے میں صوبائی وزیر برائے جامعات و بورڈز محمد اسماعیل راہو کی سربراہی میں سیکریٹری جامعات کے دفتر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کے دوران تعلیمی بورڈز کی استعداد کار بڑھانے کے لیے کئی اہم امور پر غور کیا گیا،امتحانی پرچوں کی چیکنگ کے لیے روایتی طریقہ کار کے بجائے کمپیوٹرائزڈ ‘ای مارکنگ’ سسٹم لایا جا رہا ہے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز کو جدید ترین آئی ٹی آلات اور کمپیوٹرز فراہم کیے جائیں گے جبکہ بورڈز کے موجودہ عملے کو نئی ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے لیے آئی ٹی ماہرین سے خصوصی تربیت دلوائی جائے گی۔
صوبائی وزیر محمد اسماعیل راہو نے میڈیا کو بتایا کہ اس انقلابی اور اہم منصوبے کی منظوری کے لیے تیار کردہ تجاویز کو بہت جلد سندھ کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ کابینہ کی جانب سے حتمی منظوری ملتے ہی اس ڈیجیٹلائزیشن منصوبے پر تیز رفتاری سے عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا، جس سے امتحانی نتائج میں تاخیر اور نادانستہ غلطیوں کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔

Leave a reply