بیرونِ ملک ملازمت کے خواہشمند افراد کیلئے حکومت کی ہدایات جاری

0
1

اسلام آباد میں حکومت نے بیرونِ ملک روزگار کے خواہشمند پاکستانیوں کے تحفظ اور قانونی تقاضوں سے متعلق اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بیرونِ ملک ملازمت کے حصول کیلئے مکمل قانونی طریقہ کار اختیار کرنا انتہائی ضروری ہے۔
اعلامیے کے مطابق صرف لائسنس یافتہ ریکروٹنگ ایجنسی سے رجوع کرنا کافی نہیں، بلکہ ملازمت کی مکمل تصدیق بھی لازمی ہے تاکہ کسی بھی قسم کی دھوکہ دہی سے بچا جا سکے۔
بیورو کے مطابق بیرونِ ملک جانے والے افراد کیلئے پروٹیکٹر آف امیگرنٹس رجسٹریشن نمبر (پی ٹی این) حاصل کرنا ضروری ہے، جو پروٹیکٹر آف امیگرنٹس کی جانب سے جاری کیا جاتا ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ پی ٹی این کے بغیر کسی بھی فرد کو قانونی طور پر بیرونِ ملک ملازمت شروع کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ روانگی سے قبل بیورو کی سرکاری ویب سائٹ پر جا کر اپنی ملازمت کی تفصیلات، تنخواہ اور معاہدے کی مکمل تصدیق کریں، جس کیلئے آن لائن پورٹل پر پی ٹی این درج کرنا ضروری ہوگا۔
بیورو نے مزید خبردار کیا ہے کہ اگر کسی ملازمت کی تصدیق ممکن نہ ہو تو متعلقہ ریکروٹنگ ایجنسی کے خلاف فوری شکایت درج کروائی جائے۔
حکام کے مطابق ان احتیاطی اقدامات پر عمل کر کے شہری خود کو فراڈ اور غیر قانونی سرگرمیوں سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

Leave a reply