حمید لطیف ٹیچنگ ہسپتال میں لائف پلس کلینک کا افتتاح

عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے حمید لطیف ٹیچنگ ہسپتال میں “لائف پلس کلینک” کا افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین آر ایل کے گروپ پروفیسر ڈاکٹر راشد لطیف خان تھے، جنہوں نے کلینک کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر راشد لطیف خان نے کہا کہ عوام کو جدید اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائف پلس کلینک کے قیام کا مقصد مریضوں کو ایک ہی جگہ تشخیص، طبی مشاورت اور علاج کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کلینک میں جدید طبی سہولیات دستیاب ہوں گی جبکہ مریضوں کی رہنمائی اور علاج کے لیے ماہر ڈاکٹرز اپنی خدمات انجام دیں گے۔ اس موقع پر اعلان کیا گیا کہ پروفیسر ڈاکٹر راشد لطیف خان ہر جمعہ کو لائف پلس کلینک میں مریضوں کا معائنہ کریں گے اور انہیں طبی مشاورت فراہم کریں گے۔
تقریب میں ہسپتال انتظامیہ، ڈاکٹرز، فیکلٹی ممبران اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ شرکاء نے لائف پلس کلینک کے قیام کو علاقے کے عوام کے لیے ایک مثبت اور خوش آئند پیش رفت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے معیاری طبی سہولیات تک رسائی مزید آسان ہوگی۔















