
خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے کسی بھی ممکنہ جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے پاکستان ہر وقت تیار ہے۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کی ہندوتوا پالیسیوں نے خطے کے امن اور ترقی کو شدید نقصان پہنچایا ہے، جبکہ وہاں اقلیتیں مسلسل دباؤ اور مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی پاکستان پر جنگیں مسلط کی گئیں، تاہم ہر بار پاکستانی افواج نے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔ پہلگام واقعے کے حوالے سے انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان نے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج مکمل طور پر تیار ہیں اور کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، جبکہ قوم بھی اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اتحاد اور یکجہتی ہی پاکستان کی اصل طاقت ہے، اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔















