بجلی بلوں میں ملنے والا ریلیف ختم،صارفین کے لئے بڑی خبر آگئی

پاکستان بھر کے بجلی صارفین کو ملنے والے ریلیف کی مدت ختم ہورہی ہے ، جس کے بعد ستمبر سے بلوں میں اضافے کا امکان ہے۔
کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے ایک روپے 99 پیسے فی یونٹ کا جاری ریلیف رواں ماہ ختم ہو رہا ہے، جس کے بعد ستمبر 2026 سے بجلی کے بلوں میں دوبارہ اضافے کا قوی امکان ہے۔
جنوری تا مارچ 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت شہریوں کو دیے جانے والے 67.17 ارب روپے سے زائد کے ریلیف کی تین ماہ کی مدت رواں ماہ مکمل ہو رہی ہے۔
بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے اپریل تا جون 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین سے 23 ارب روپے سے زائد وصول کرنے کے لیے نیپرا سے رجوع کر لیا ہے۔
اس نئی ایڈجسٹمنٹ کی منظوری کی صورت میں صارفین پر تقریباً 1 روپیہ فی یونٹ کا اضافی بوجھ پڑنے کا امکان ہے، تاہم حتمی رقم کا فیصلہ نیپرا سماعت کے بعد کرے گا۔
نیپرا نے جون 2026 کی ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 75 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ہے، جو کے الیکٹرک اور تمام ڈسکوز کے صارفین کے اگست 2026 کے بلوں میں وصول کیا جائے گا۔
ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کا یہ اضافہ لائف لائن صارفین، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز (EVCS) اور پری پیڈ بجلی کے صارفین پر لاگو نہیں ہوگا۔















