بیٹا اپنی اہلیہ کو والدین پر ترجیح دے تو کوئی اعتراض نہیں ہوگا،صاحبہ

0
4

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صاحبہ افضل نے کہا ہے کہ وہ اپنی ہونے والی بہو میں سب سے زیادہ یہ خوبی دیکھنا چاہتی ہیں کہ وہ ان کے بیٹے سے بے پناہ محبت کرنے والی اور نرم دل ہو۔

حال ہی میں ایک یوٹیوب پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے صاحبہ نے اپنے بڑے بیٹے احسن افضل خان کی شادی اور مستقبل کی بہو کے حوالے سے اپنی خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس دنیا میں کوئی بھی انسان مکمل نہیں، کامل صرف اللہ تعالیٰ کی ذات ہے۔ ان کی خواہش ہے کہ ان کی بہو ان کے بیٹے سے خلوص اور محبت کا رشتہ قائم رکھے تاکہ وہ ہر حال میں اس کا خیال رکھ سکے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر مستقبل میں ان کا بیٹا اپنی اہلیہ کو والدین پر ترجیح دے تو انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا، کیونکہ وہ اس حقیقت کو ذہنی طور پر قبول کرنے کے لیے تیار ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں کہ آیا ریمبو سخت سسر ثابت ہوں گے، صاحبہ نے ہنستے ہوئے کہا کہ ریمبو کا مزاج دوستانہ ہے اور وہ اپنی بہو کے ساتھ خوشگوار تعلقات رکھیں گے۔ البتہ وہ صحت مند طرزِ زندگی اپنانے، کولڈ ڈرنکس سے گریز کرنے اور گھر کی ذمہ داریوں کو بہتر انداز میں نبھانے کا مشورہ دے سکتے ہیں۔

صاحبہ نے مزید بتایا کہ احسن کے موبائل فون میں کئی لڑکیوں کے نام محفوظ ہیں، تاہم اس وقت ان کے دونوں بیٹے اپنی تعلیم اور پیشہ ورانہ زندگی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں اور فی الحال شادی ان کی ترجیحات میں شامل نہیں۔

Leave a reply