امریکی وفدپاکستان نہیں جائےگا،صدرٹرمپ کااعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر پر مشتمل امریکی وفد کا پاکستان کا دورہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل صدر ٹرمپ نے دو رکنی وفد کو اسلام آباد بھیجنے کا اعلان کیا تھا، جو آج پاکستان روانہ ہونا تھا، تاہم اب انہوں نے امریکی میڈیا سے گفتگو میں اس دورے کی منسوخی کی تصدیق کی۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں تمام اہم اختیارات امریکا کے پاس ہیں اور ایران جب چاہے مذاکرات کے لیے رابطہ کر سکتا ہے۔
ان کے مطابق ایسے حالات میں طویل سفر کر کے مذاکرات کے لیے جانا مؤثر نہیں، اور امریکی وفد 18 گھنٹے کی پرواز کے بعد غیر نتیجہ خیز بات چیت کے لیے نہیں بیٹھے گا۔
دوسری جانب گزشتہ روز ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں ایک وفد اسلام آباد پہنچا تھا، جس نے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقاتیں کیں۔
بعد ازاں ایرانی وفد اسلام آباد سے مسقط اور ماسکو کے دورے کے لیے روانہ ہو گیا۔















