رینجرز پولیس کی مشترکہ کاروائی

0
53
(پاکستان ٹوڈے) پاکستان رینجرز (سندھ)اورپولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے لیاری سے لیاری گینگ وارسے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب 2ملزمان نصیب اللہ عرف نصیب جان اور عاقب علی کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس میں قبضے سے2 عدد پسٹل بمعہ ایمونیش، 2 عدد موبائل فون اورایک مو ٹرسائیکل بھی برآمد کرلی گئی۔
  تفصیلات کے مطابق ملزم نصیب اللہ اگست 2023 میں مبین بلوچ کے ساتھ لیاری گینگ وار (وصی اللہ گروپ) میں شامل ہوا۔ملزم اپنے دیگر ساتھیوں مبین بلوچ، عبدالوہاب عرف کوڈو اور ولی خان کے ہمراہ متعدد ڈکیتی کی وارداتوں سمیت بھتہ وصولی کے لیے بھتے کی پرچیاں دینے میں بھی ملوث ہے۔
دوران تفتیش ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ2022 میں اسلحے کے زور پر شہری سے مبلغ 28 لاکھ روپے چھیننے جبکہ2023 میں سیالکوٹ سے آئے ہوئے تاجروں سے نیپیئر روڈ نگار سینما سے مبلغ 62 لاکھ روپے چھیننے کا اعتراف کیا ہے۔جبکہ ملزم عاقب علی 2012 میں تاج محمد عرف تاجو گروپ میں شامل ہوا۔
ملزم 2014 میں عثمان آباد لیاری گینگ وار کے کمانڈر نعیم لاہوتی، فاروق مایا اور تاج محمد عرف تاجو کے ساتھ مل کر متعدد مسلح لڑائیوں میں شامل ہو کر متعدد لوگوں کو زخمی اور ہلاک کرنے میں ملوث رہا ہے۔ دوران تفتیش ملزم نے عثمان آباد، بکرا پیڑی روڈ، نیازی چوک اور نوالین کے علاقوں سے فاروق عرف مایا کے کہنے پر بھتے کی پرچیاں دینے اور دھمکی آمیز کالز کے ساتھ ساتھ اسٹریٹ کرائم، منشیات فروشی اور اسلحہ کی خریدوفروخت کا بھی اعتراف کیا ہے۔ ملزم نے اپنے علاقے میں بجلی کے غیر قانونی کنڈے لگا کر فی کنڈا مبلغ 3 ہزار ماہانہ وصول کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے۔
گرفتارملزمان کو بمعہ اسلحہ وایمونیشن اور مسروقہ سامان مزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار  پر ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

Leave a reply