زائرین حج کی سہولت کیلئے مکہ مکرمہ میں سڑکوں کے 10 بڑے منصوبے شروع

مکہ مکرمہ میں زائرینِ حج کی سہولت اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کیلئے جنرل اتھارٹی برائے روڈز نے سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے 10 بڑے منصوبے شروع کر دیے ہیں۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق ان منصوبوں پر تقریباً 495 ملین ریال لاگت آئے گی، جبکہ افتتاحی تقریب علاقہ امیر کی زیر صدارت منعقد ہوئی جس میں وزیر ٹرانسپورٹ و لاجسٹکس نے بھی شرکت کی۔
منصوبوں کے تحت متعدد اہم شاہراہوں کو دو رویہ بنایا جائے گا، جن کی مجموعی لمبائی 100 کلومیٹر سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ان منصوبوں میں حضن تربہ روڈ، رنیہ، خرمہ، ریاض، طائف ایکسپریس وے، سیل الکبیرہ ریاض روڈ، مَہد، وادی الجموم، جدہ روڈ اور طائف و جدہ سمیت مختلف علاقوں کی سڑکوں کی مرمت اور بحالی شامل ہے۔
حکام کے مطابق ان منصوبوں کا مقصد حج مقامات تک رسائی کو بہتر بنانا، بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنا اور موسمِ حج کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا ہے۔















