آئی ڈپوزپرکسٹمزکےچھاپے،پنجاب میں پیٹرول بحران کاخدشہ

آئل ڈپوزپرکسٹمز حکام کے چھاپے ۔ پنجاب بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی متاثر ہو گئی۔
پنجاب بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔پٹرول پمپس ذرائع کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف آئل ڈپوز پر کسٹمز اور ایف آئی اے کی ٹیموں کی جانب سے چھاپے مارے جانے اور اسٹاک چیکنگ کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی اے اور کسٹمز کی جانب سے اسٹاک کی جانچ پڑتال کے باعث آئل ٹینکرز کی روانگی میں تاخیر ہوئی، جس کے نتیجے میں لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں متعدد پیٹرول پمپس کو آج پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی نہیں مل سکی۔
پیٹرول پمپس ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر کے درجنوں پیٹرول پمپس پر صرف آج کے لیے دستیاب تیل کا ذخیرہ باقی رہ گیا ہے۔
پیٹرول پمپس ذرائع کے مطابق محمود کوٹ اور گھٹی آئل ڈپوز سے آج ایک بھی آئل ٹینکر روانہ نہیں ہوا۔ ان دونوں ڈپوز سے معمول کے مطابق روزانہ ڈیڑھ سو سے زائد آئل ٹینکرز مختلف پیٹرول پمپس کے لیے روانہ کیے جاتے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ صبح سے اب تک کسی بھی پیٹرول پمپ پر ان ڈپوز سے ایک بھی آئل ٹینکر نہیں پہنچا۔















