دنیا کے 25 بہترین سیاحتی مقامات ،پاکستان کا کون سا علاقہ شامل ہے؟

0
32

پاکستان کے سیاحتی شعبے کیلئے مثبت پیشرفت،دنیا کے 25 بہترین سیاحتی مقامات میں پاکستان کا کون سا علاقہ شامل ہے؟
امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے اپنی تازہ ترین رپورٹ جاری کر دی۔اس فہرست میں پاکستان، جاپان،ترکیہ،پولینڈ،جنوبی افریقا سمیت دیگر ممالک کے 25سیاحتی مقامات شامل ہیں۔
سی این این نے اپنی رپورٹ میں پاکستان کے جنت نظیر علاقے گلگت بلتستان کو 2025 میں سیاحت کیلئے لازمی دیکھنے والی جگہوں میں سے ایک قرار دیا ہے۔سی این این کی اس فہرست میں گلگت بلتستان کا شامل ہونا پاکستان کے سیاحتی شعبے کیلئے ایک مثبت پیشرفت ہے، جو قومی معیشت اور سیاحت کو بھی فروغ دے سکتا ہے۔
گلگت بلتستان کے سربفلک پہاڑ دنیا بھر کے مہم جو سیاحوں کیلئے انتہائی دلکش ہیں، گلگت بلتستان کا ٹریکنگ کا تجربہ ہمالیہ کے پہاڑوں سے بھی زیادہ مشکل ہے، یہی وجہ ہے کہ گزشتہ سال تقریباً سترہ سو سے زائد غیر ملکی کوہ پیماؤں نے یہاں کی مختلف چوٹیوں کو سر کرنے کیلئے اجازت نامے حاصل کیے، جن میں سے175 کوہ پیماؤں نے دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کےٹو سر کرنے کی کوشش کی۔
گلگت بلتستان کا پورا علاقہ جغرافیائی طورپر بہت اہم اور سیاحتی اعتبارسے پوری دنیا میں اپنی مثال آپ ہے۔ دنیا کے تقریباً 70فیصد پہاڑ گلگت بلتستان میں موجود ہیں۔یہاں واقع نانگا پربت، راکاپوشی اور کے ٹو جیسے پہاڑوں کو سر کرنے کیلئے موسم گرما میں ہر سال سیکڑوں سیاح یہاں کا رخ کرتےہیں ، لہٰذا گلگت بلتستان کے بارے میں سی این این کی تازہ ترین رپورٹ پاکستان میں سیاحتی شعبے کے فروغ میں رواں سال اہم ثابت ہو گی۔

Leave a reply